پاکستان کے دو مزید کرکٹرز نے سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں معاہدے کر لیے جبکہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر لیگ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
نوجوان بلے باز خواجہ نافع کا جافنا کنگز کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، انہیں افغانستان کے ابراہیم زدران کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں آل راؤنڈر افتخار احمد دمبولا سکسرز کی نمائندگی کریں گے، انہیں افغان فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ادھر کینڈی رائلز نے تصدیق کی ہے کہ شاہین آفریدی سری لنکا پریمیئر لیگ سے الگ ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری، بابر اعظم چھٹے نمبر پر آ گئے
ایل پی ایل انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق شاہین آفریدی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر لیگ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
واضح رہے گزشتہ دنوں شاہین آفریدی نے دوران میچ ڈراپ کیے جانے کی اینٹی کرپشن یونٹ آفیشل سے شکایت کی تھی، شاہین آفریدی وطن واپس جانے لگے تھے لیکن فرنچائز و آرگنائزرز نے معذرت کرکے روک انہیں روک لیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ کینڈی رائلز کی ٹیم مینجمنٹ نے کولمبو کیپس کیخلاف میچ سے قبل پاکستانی پیسر سے کہا کہ وہ بطور ”امپیکٹ پلیئر“ حصہ لیں گے، یہ قانون آئی پی ایل نے متعارف کرایا تھا جس کے مطابق کوئی بھی ٹیم میچ سے قبل ایک کھلاڑی کا نام دیتی ہے جو کسی اور کی جگہ لے کر بیٹنگ یا چار اوورز باؤلنگ کر سکتا ہے، پلیئنگ الیون میں پہلے شامل کرکٹر میچ میں مزید حصہ نہیں لے سکتا۔
قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شان مسعود ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی نہیں کھیلیں گے
مذکورہ میچ میں کینڈی نے پہلے بیٹنگ کی، اننگز کے درمیانی حصے میں کوچ نے شاہین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انالسٹ کی غلطی سے بطور ”امپیکٹ پلیئر“ ان کا نام نہیں جا سکا، پیسر اس پر حیران رہ گئے اور انھوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشل کو واقعے سے آگاہ کر دیا۔
شاہین نے فوری طور پر پاکستان واپسی کا بھی فیصلہ کر لیا، معاملہ میچ ریفری کے نوٹس میں آ گیا، بعد میں ٹیم مینجمنٹ ، لیگ آرگنائزرز وغیرہ نے شاہین سے معذرت کرکے انھیں جانے سے روکا۔
