سندھ حکومت نے طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے 100 سے زائد کمپنیوں سے رابطے جاری ہیں۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ’آئی ورک فار سندھ‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کی مہارتوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ’آئی ورک فار سندھ‘ پلیٹ فارم پر اب تک 51 لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 36 ہزار 547 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ پلیٹ فارم پر 721 کمپنیاں موجود ہیں اور اب تک 31 ہزار 270 ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں، جن میں سے 24 ہزار 766 فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روزگار کے حصول کے لیے امیدواروں کی جانب سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 73 ہزار 339 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ اس ڈیجیٹل نظام سے نوجوانوں اور کمپنیوں کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ملازمت کے مواقع تک رسائی آسان بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی معیار کے تربیتی کورسز
شرجیل میمن کے مطابق حکومت نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ ’آئی ورک فار سندھ‘ پلیٹ فارم پر 1800 سے زائد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تربیتی کورسز دستیاب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 4 ہزار 620 امیدوار تربیتی کورسز مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار 789 امیدوار زیرِ تربیت ہیں، ان کورسز کا مقصد نوجوانوں کی مہارتوں کو صنعت اور کاروباری شعبوں کی ضروریات کے مطابق بہتر بنانا ہے۔
ملازمتوں کی خودکار شمولیت اور نئے الرٹس متعارف کرانے کا منصوبہ
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پلیٹ فارم پر سرکاری اور نجی شعبے کی ملازمتیں خودکار طریقے سے شامل کرنے کے نظام کی تیاری جاری ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ڈیڑھ سے دو ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزانہ نئی ملازمتوں سے آگاہ کرنے کے لیے جاب الرٹس کی سہولت متعارف کرانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے تاکہ امیدوار اپنی قابلیت اور دلچسپی کے مطابق دستیاب مواقع سے بروقت فائدہ اٹھا سکیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق سندھ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو تربیت، انٹرن شپ اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور انہیں عملی طور پر مارکیٹ کی ضروریات کے لیے تیار کرنا ہے۔



