بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں مذہبی تہوار درگا پوجا کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام شمالی کولکتہ کے چورباگان سرووجنین درگا پوجا پنڈال میں پیش آیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے این ڈی ٹی وی کے حوالے سے ہلاکتوں کی اطلاع دی، تاہم رائٹرز نے ابتدائی رپورٹ کی فوری طور پر آزادانہ تصدیق نہ ہونے کی وضاحت بھی کی ہے۔
دوسری جانب بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کی رپورٹ میں پولیس حکام کے حوالے سے کم از کم 25 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی۔
17 feared dead after stampede at Kolkata Durga Puja pandal, many others injured
https://t.co/kTnirFKO3U— The Indian Express (@IndianExpress) October 17, 2026
شدید بارش اور رش کے باعث افراتفری
بھارتی میڈیا کے مطابق درگا پوجا پنڈال کے باہر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی کہ اسی دوران بارش شروع ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق بارش سے بچنے اور پنڈال میں داخل ہونے کے لیے لوگوں کے اچانک آگے بڑھنے سے رش میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد گر پڑے اور بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہوگئی۔
#BREAKING 🚨 Kolkata Durga Puja StampedeTragic stampede at a North Kolkata pandal amid rain leaves 17 dead. CM Suvendu Adhikari and Health Minister Saradwat Mukherjee visit victims.
#KolkataStampede #DurgaPuja2026 @KolkataPolice @MamataOfficial @SuvenduWB https://t.co/3Yp7bo0skd— jarvis ☠️ (@Vishii14) October 17, 2026
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو علاج کے لیے کلکتہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مزید لوگوں کا پنڈال میں داخلہ روک دیا، جبکہ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے متحرک ہوگئے۔
وزیراعلیٰ اسپتال پہنچ گئے، ہیلپ لائن قائم
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس اور ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری، ریاست کے صحت کے وزیر اور اعلیٰ حکام زخمیوں کی عیادت اور صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اسپتال پہنچے۔ انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی متحرک کیا۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد چورباگان پنڈال کو زائرین کے لیے بند کردیا گیا۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر کولکتہ کے بعض دیگر بڑے درگا پوجا پنڈالوں میں بھی لوگوں کا داخلہ روک دیا گیا۔
مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ہمت کی دعا کی۔
درگا پوجا کیا ہے؟
درگا پوجا ہندو مذہب کا ایک اہم سالانہ تہوار ہے جو خصوصاً بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر عارضی مذہبی مقامات جنہیں پنڈال کہا جاتا ہے، قائم کیے جاتے ہیں جہاں دیوی درگا کے مجسمے رکھے جاتے ہیں اور بڑی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔
مختلف بھارتی میڈیا رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق ابتدائی اطلاعات مختلف رہی ہیں۔ انڈین ایکسپریس نے کم از کم 17 ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ پولیس کے حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے تقریباً 35 افراد کو اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاع دی۔ ہلاکتوں کے بارے میں سرکاری طور پر ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔



