اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن درخواستوں کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہری کل سے آن لائن پورٹل کے ذریعے ان سہولتوں کے لیے درخواست دے سکیں گے اور انہیں درخواست جمع کرانے کے لیے لائسنسنگ دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کے ذریعے درخواست گزاروں کے گھروں پر پہنچائے جائیں گے جس سے شہریوں کو لائسنس وصول کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل فون نمبر فراہم کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نامکمل یا غلط پتے کی وجہ سے ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے اعلان کے مطابق کل سے متعلقہ خدمات ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز پر دستیاب نہیں ہوں گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لائسنسنگ مرکز جانے سے پہلے آن لائن پورٹل پر درخواست دینے کے طریقہ کار اور تازہ ہدایات کا جائزہ لے لیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق یہ اقدام انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل سہولتوں کو وسعت دینا اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار کو شہریوں کے لیے آسان بنانا ہے۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کے احکامات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کا عوامی سہولت کے لیے شاندار اقدام!
اب ڈرائیونگ لائسنس TCS کے ذریعے پہنچے گا آپ کی دہلیز پر!
شہریوں کی سہولت، اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح! چیف ٹریفک آفیسر۔
#WeRIslamabadPolice #ITP https://t.co/92S7IEPkam
— Islamabad Police (@ICT_Police) October 17, 2026
پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن درخواستوں کے نظام سے شہریوں کا وقت بچے گا اور سرکاری خدمات تک رسائی مزید آسان ہوگی۔
آن لائن درخواست کہاں جمع کرائیں؟
اسلام آباد پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر لرنر پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق آن لائن سہولتیں دستیاب ہیں۔ شہری درخواست دینے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس پورٹل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

