پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا کمبی نیشن تیار کر رہی ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہوتے ہیں جبکہ ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کے بعد ون ڈے کرکٹ کھیلنا نسبتاً آسان محسوس ہوتا ہے، قومی ٹیم ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا کمبی نیشن تیار کر رہی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے، جہاں انہوں نے سخت محنت کی۔ خود انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے دوران 150 اوورز فیلڈنگ کی۔ ان کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں واضح فرق ہوتا ہے، تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ ہر کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہے اور اچھی پرفارمنس پر شائقین کی جانب سے تعریف بھی ملتی ہے لیکن ہر روز اچھی کارکردگی دکھانا ممکن نہیں ہوتا، وائٹ بال کرکٹ میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ون ڈے کرکٹ ان کا پسندیدہ فارمیٹ ہے۔
Fakhar Zaman’s media talk at Rawalpindi Cricket Stadium | ODI Tri-Nation Series 2026
#BackTheBoysInGreen | #CricketKaJashan https://t.co/LaK5eeWFCY
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 16, 2026
انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کئی سال سے کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا اور یہ بات کھلاڑیوں کے ذہن میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سیمی فائنل اور فائنل تک پہنچتی رہی ہے تاہم اب تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کمبی نیشن تیار کیا جا رہا ہے۔
ٹرائی سیریز کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی تیاریاں جاری
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے سلسلے میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔
دونوں ٹیموں نے تین گھنٹے کے ڈے اینڈ نائٹ ٹریننگ سیشن کے دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان پہنچ چکی ہے۔
شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کل دوپہر 12 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی جبکہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ہفتے کو شام 4 سے 7 بجے تک پریکٹس کریں گی۔
ٹرائی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



