بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں شیٹلا ماتا مندر کے قریب ہندو زائرین پر بے قابو ٹرک چڑھ گیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارت میں مذہبی مقامات پر جانے والے زائرین کو گاڑیوں کی ٹکر کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں، 17 اکتوبر کو مدھیہ پردیش سے راجستھان کے کھاٹو شیام مندر جانے والے زائرین کی گاڑی کوٹا ضلع میں دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہونے سے 8 زائرین ہلاک ہوئے، جبکہ اپریل میں ریاست گجرات کے ضلع سریندر نگر میں گڑھکا گاؤں سے ڈیکاوالا کے مندر کی جانب پیدل جانے والے زائرین کو تیز رفتار ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں 6 زائرین ہلاک ہو گئے تھے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق گوالیار پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ دھرم ویر سنگھ نے بتایا کہ زائرین پر ٹرک چڑھنے کا واقعہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب رونما ہوا جب چھنور کی جانب سے آنے والا سامان سے لدا ٹرک ایک ڈھلوان پر بے قابو ہو گیا جبکہ اس ڈھلوان پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔
ٹرک مندر کی بیرونی دیوار اور گیٹ سے جا ٹکرایا
پولیس نے بتایا کہ ٹرک پولیس کی رکاوٹوں کو توڑتا ہوا سڑک پر موجود زائرین کو کچلتے ہوئے مندر کی بیرونی دیوار اور گیٹ سے جا ٹکرایا۔ زخمی ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے، ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
🚨 GWALIOR, MADHYA PRADESH : A truck reportedly rammed into devotees visiting the Sheetla Mata temple, leaving several people dead and others injured. Initial reports cited 13 fatalities and 32 injuries, though official confirmation of the toll is awaited. https://t.co/4rjuHcI3em
— indiainlast24hr (@indiain24hr) October 18, 2026
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد مجموعی طور پر 39 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 15 ہلاک ہو گئے ، زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ایک عینی شاہد جس کا بھائی بھی حادثے میں زخمی ہوا، نے بتایا کہ ٹرک میں گنجائش سے زیادہ سامان لدا ہوا تھا اور بعض افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔
گوالیار کی ضلعی کلکٹر روچیکا چوہان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیوں کے لیے ایمبولینسیں اور دیگر گاڑیاں روانہ کر دی گئی تھیں۔
ٹرک پولیس چوکی اور رکاوٹوں سے کیسے گزری؟
حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ ٹرک سڑک پر قائم پولیس چوکی اور رکاوٹوں سے گزرنے میں کیسے کامیاب ہوا۔
دوسری جانب متاثرین کے اہل خانہ نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جائے حادثہ پر بروقت نہیں پہنچی، جس کے باعث زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں تاخیر ہوئی۔ اہل خانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں اپنے لاپتا عزیزوں کی تلاش سے روکا۔


