امریکی ریاست آرکنساس میں اسپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس ایک نوجوان نے مصروف شاہراہ پر وہیل چیئر پر موجود معذور شخص کی مدد کرکے انسانیت کی شاندار مثال قائم کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آرکنساس کے شہر جونزبورو میں پیش آیا، جہاں ایک ٹریفک کیمرے نے مصروف چوراہے پر یہ دل کو چھو لینے والا منظر ریکارڈ کر لیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک معذور شخص وہیل چیئر پر سوار سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ٹریفک کی رفتار اور سگنل تبدیل ہونے کے باعث وہ بروقت سڑک پار نہیں کر پا رہا تھا۔
اسی دوران سرخ بتی پر رکی ایک گاڑی سے اسپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس نوجوان فوراً باہر نکلا اور تیزی سے وہیل چیئر کو دھکیلتے ہوئے معذور شخص کو محفوظ طریقے سے سڑک کے دوسری جانب پہنچا دیا۔ مدد کرنے کے بعد نوجوان خاموشی سے اپنی گاڑی میں واپس بیٹھا اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔
ٹرمپ کے خطاب کے دوران حامی کی دلچسپ حرکت سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی
بعد ازاں اس نوجوان کی شناخت کرسٹوفر ہیلنتھل کے نام سے ہوئی، جوالٹی میٹ ایئر ٹرامپولین پارک میں ملازمت کرتا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں منائے جانے والے “سپر ہیرو ڈے”کے موقع پر اسپائیڈر مین کا لباس پہن کر آیا تھا۔
کرسٹوفر ہیلنتھل نے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی اس نے دیکھا کہ معذور شخص کو سڑک پار کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے تو اس نے فوراً مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا، “میں نے خود سے کہا کہ میں اسپائیڈر مین کے لباس میں ہوں، تو کیوں نہ آج واقعی کسی کی مدد کی جائے۔ میں جلدی سے گاڑی سے اترا اور انہیں محفوظ طریقے سے سڑک پار کرا دیا تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔”
ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں ان کی تیزی کی وجہ یہ تھی کہ ٹریفک سگنل اسی وقت سبز ہونے والا تھا، اس لیے وہ جلد از جلد معذور شخص کو محفوظ مقام تک پہنچانا چاہتے تھے۔
ورلڈ کپ دیکھنا صحت کے لیے بھی فائدہ مند؟ تحقیق میں دلچسپ انکشاف
کرسٹوفر کے مطابق انہیں اس بات کا علم ہی نہیں تھا کہ ان کی یہ نیکی سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آرام کر رہے تھے جب ان کی والدہ نے جگا کر بتایا کہ وہ فیس بک پر وائرل ہو چکے ہیں۔
جونزبورو پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو ہزاروں افراد نے پسند کیا اور نوجوان کے جذبۂ خدمت کو سراہا۔
کرسٹوفر ہیلنتھل کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کا یہ معمولی سا عمل لوگوں کے لیے مثبت پیغام بن گیا۔ ان کے مطابق اگر ہر شخص موقع ملنے پر دوسروں کی مدد کرے، چاہے کوئی دیکھ رہا ہو یا نہ دیکھ رہا ہو، تو معاشرہ پہلے سے کہیں زیادہ بہتر اور محفوظ بن سکتا ہے۔
