جارجیا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی کے دوران ایک حامی کی دلچسپ حرکت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی، جو تقریر کے دوران صدر ٹرمپ کے مخصوص انداز، ہاتھوں کے اشاروں اور چہرے کے تاثرات کی نقل کرتا دکھائی دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست جارجیا منعقدہ ریلی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے بالکل پیچھے بیٹھا ایک شخص، جو سیاہ سوٹ اور سرخ ٹائی میں ملبوس تھا، وائٹ ہاؤس کی براہ راست نشریات میں کئی لمحوں تک ٹرمپ کے انداز گفتگو، ہاتھوں کی حرکات اور چہرے کے تاثرات کی نقل کرتا رہا۔ بعد ازاں اس نے اپنے اطراف میں بیٹھے افراد سے گفتگو شروع کر دی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے اس دلچسپ منظر پر مختلف تبصرے کیے، جبکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
View this post on Instagram
تقریباً 74 منٹ طویل خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کو “مختصر جھڑپ” قرار دیتے ہوئے اپنے سیاسی مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے امریکا میں مبینہ “کمیونسٹ عناصر” پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ ماؤنٹ رشمور کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ خطاب کے دوران بعض شرکا آپس میں گفتگو، موبائل فون استعمال یا دیگر سرگرمیوں میں مصروف رہے۔
واضح رہے کہ یہ ریلی اس روز منعقد ہوئی جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈوور ایئر فورس بیس پر ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔
