ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب میں متعدد حادثات، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، سندھ میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ جبکہ خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق
لاہور میں مسلسل اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے جانی نقصان اور معمولات زندگی متاثر کر دیے۔ گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئے، جبکہ بیدیاں روڈ کے قریب ایک اور مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔
لاہور فیروزپور روڈ کا ہنہ ۔۔۔
پانچ نمبر سٹاپ کے قریب بارش کے باعث دکان کی چھت گری ۔تاہم کسی قسم کی کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی
مزید اپڈیٹ کیلئے فالو کریں شکریہ
#Lahore
#LahoreRain
#BreakingNews pic.twitter.com/NDMcjqyEVJ— Baqer Kazmi Journalist (@SyedBaqer110) July 25, 2026
شدید بارش کے باعث پرانی انارکلی، اسلام پورہ، کرشن نگر، لکشمی چوک، لبرٹی، سمن آباد، اچھرہ، گلشن راوی، اپر مال اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے دوران لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
بارش کی وجہ سے سڑکوں میں گڑھے بن گئے، لاہور کے تاج باغ علاقے میں اچانک سڑک کے بیٹھنے سے ایک گاڑی بھی گڑھے میں پھنس گئی۔
واسا کے مطابق شہر میں مختلف اوقات میں ہونے والی بارش کے دوران متعدد مقامات پر نمایاں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سگیاں، لکشمی چوک، چوک ناخدا اور پانی والا تالاب سمیت کئی علاقوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔
واسا کا نکاسی آب کا آپریشن جاری رہا اور مختلف شاہراہوں، بازاروں اور چوکوں کو کلیئر کر دیا گیا۔ واسا کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں اور مشینری ہائی الرٹ ہیں۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ حافظ آباد، سرگودھا، ڈسکہ، وزیرآباد، پتوکی اور قصور میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد شاہراہیں اور بازار پانی میں ڈوب گئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ قصور کے علاقے ڈھنگ شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
مری کے جھیکا گلی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند
سندھ میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ کشمور کے مقام پر گڈو بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 72 ہزار 721 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 32 ہزار 988 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی آمد میں تقریباً 9 ہزار کیوسک اضافہ ہوا ہے اور آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق بارش کے بعد شہر بھر میں نکاسی آب کا عمل جاری ہے، تمام مرکزی شاہراہیں اور انڈر پاسز کلیئر ہیں جبکہ میونسپل سروسز کا عملہ مختلف علاقوں میں متحرک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
اسلام آباد، خیبر پختونخوا، اور کشمیر میں 27 جولائی تک بارشیں
وفاقی دار الحکومت، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 27 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبر پختونخوا میں 24 سے 27 جولائی تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں بارشوں کے پیش نظر الرٹ تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا.@ndmapk @infokpgovt @KPRescue1122 @_KPUpdates @CSKPOfficial @KPChiefMinister @AqibUllahKhan4 pic.twitter.com/avMCMaLWkj
— PDMAKP OFFICIAL (@PDMAKP) July 24, 2026
پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں آج سے 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ حساس علاقوں کے ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کھڑی فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
