سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن العزم کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جس کے بعد آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ کارروائی میں اسلحہ، بارودی مواد اور آئی ای ڈی تیار کرنے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ٹانک میں دہشتگردوں کا حملہ، 12 خارجی ہلاک، 15 جوان شہید
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز کارروائی کرکے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی تھیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن العزم کے تحت کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آپریشن العزم کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، آپریشن العزم میں اب تک 13 دہشتگردوں کو مارا جا چکا ہے۔
