ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ، خیبر پختونخوا میں بارش اور سیلابی ریلوں کے نیتجے میں 12 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں 4، جمرود میں 2 افراد سیلاب میں بہہ کر جاں بحق ہوئے۔
افغان خاندان کو طورخم لے جانے والی گاڑی ریلے میں بہہ گئی۔ گاڑی میں بچوں اور خواتین سمیت 16 افراد سوار تھے، بہنے والے 13 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ جاں بحق 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیو حکام نے کہا کہ پاک افغان شاہراہ پر پھنسی 100 سے زائد گاڑیاں محفوظ مقام منتقل کی گئی ہیں،طوفانی بارشوں اور سیلاب کے بعد ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مختلف شہروں میں بارش ، مانسہرہ اور وادی نیلم میں کلاؤڈ برسٹ ، مکانات اور دکانوں کو نقصان
ادھر اپر دیر میں موسلادھار بارشں سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ، دریائے پنچکوڑہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ وادی کاغان میں شدید بارش کے بعد مڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان اور پانی کے کٹاؤ کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلیش فلڈ سے 14 مکانات متاثر ہوئے، جن میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ 13 کو جزوی نقصان پہنچا۔
شدید بارشوں کا الرٹ، دریاؤں میں طغیانی اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، اور کرم میں گھروں کو نقصان پہنچا۔
ادھر گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحا ل ہے، جس سے گھروں، فصلوں اور رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں تیز بارشوں اور فلیش فلڈ سے 12 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔
