وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی ،جس میں گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امجد حسین کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کے لیے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی اور دانش سکولوں کے قیام کا منصوبے سر فہرست ہیں، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کیلئے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موجود تھے۔
