ملتان: پنجاب کے تاریخی شہر ملتان میں حضرت بہاؤالدین زکریا رحمۃ اللہ علیہ کے 787ویں سالانہ عرس کے موقع پر 22 جولائی کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 22 جولائی کو ضلع ملتان کے تمام سرکاری دفاتر اور ضلعی ادارے بند رہیں گے تاکہ زائرین اور عقیدت مند عرس کی تقریبات میں بھرپور انداز میں شرکت کر سکیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقامی تعطیل کا مقصد حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
حضرت بہاؤالدین زکریا رحمۃ اللہ علیہ برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ، عالم دین اور سلسلۂ سہروردیہ کے ممتاز پیشوا تھے۔ آپ کی ولادت تقریباً 1170ء میں ملتان کے قریب کوٹ کروڑ میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم کے بعد آپ نے خراسان، بغداد، مکہ اور مدینہ سمیت مختلف علمی مراکز کا سفر کیا، اور اُس دور کے جید علما اور مشائخ سے علم و روحانیت حاصل کی۔ بعد ازاں حضرت شہاب الدین سہروردیؒ سے بیعت کی اور خلافت حاصل کرنے کے بعد ملتان واپس آ گئے، جہاں دین اسلام کی تعلیم و تبلیغ میں مصروف ہو گئے۔
آپ نے ملتان کو علم، روحانیت اور تبلیغ اسلام کا اہم مرکز بنایا اور اپنی خانقاہ کے ذریعے دینی تعلیمات، خدمت خلق، اعتدال اور اخوت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ایل۔ون سمیت ریلوے کے دیگر جدید منصوبے جلد مکمل کیے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت
حضرت بہاؤالدین زکریا رحمۃ اللہ علیہ کا وصال 1268ء میں ملتان میں ہوا۔ آپ کا مزار آج بھی لاکھوں عقیدت مندوں کی روحانی عقیدت کا مرکز ہے، جہاں ہر سال ملک بھر سے زائرین عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے پہنچتے ہیں۔
