ریاض: سعودی عرب نے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ متعارف کرائے گئے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا پر ایک سال میں متعدد بار سعودی عرب میں داخلہ ممکن ہو گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا پر ایک سال میں مجموعی 90 دن قیام کی اجازت ہو گی۔ اس ملٹی پل انٹری ویزا سے عمرہ زائرین کو بار بار سفر میں آسانی ہو گی۔
ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کا مقصد زائرین کو سہولت اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے روزانہ کی لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جس کا اطلاق ابتدائی مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر کے زائرین پر ہو گا۔
نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر سے تقریباً 20 سعودی ریال یومیہ نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم الگ سے لینے کے بجائے براہ راست عمرہ ویزا فیس میں شامل ہو گی، جس طرح نسک پلیٹ فارم پر لازمی ٹرانسپورٹ سروسز کی فیس وصول کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی پالیسی کا نفاذ یکم ربیع الاول سے ہو گا۔ اس پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زائد ریستورانوں کو نسک ایپ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین کو کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کے نئے سربراہ خلیل الحیہ کون ہیں؟
نئے نظام کے مطابق ہر عمرہ زائر کو ویزا جاری ہونے سے قبل ایک منفرد بی آر این میل کوڈ جاری کیا جائے گا، جو اس کے ویزا سے منسلک ہو گا۔ زائرین قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔ واؤچر کی مالیت زائر کے قیام کے دورانیے کے مطابق طے کی جائے گی اور ویزا جاری ہونے سے قبل اس کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
