پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی پہلی شادی، ازدواجی زندگی اور سابق شوہر اقبال انصاری کے رویے میں آنے والی تبدیلی پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ شادی کے دوران گھریلو ذمہ داریوں کا زیادہ تر بوجھ انہی کے کندھوں پر تھا۔
اداکاری کے مصروف کیریئر کے باوجود گھر سنبھالنا، بچوں کی پرورش کرنا اور روزمرہ کے تمام معاملات دیکھنا ان کی ذمہ داری تھی، جبکہ انہیں اپنے شوہر کی جانب سے خاطر خواہ تعاون حاصل نہیں تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ ایک ماں اور گھریلو خاتون کی تمام ذمہ داریاں بھی نبھاتی رہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹیوں کی پرورش میں بے شمار مشکلات کا سامنا کیا اور ہر چھوٹے بڑے کام کی ذمہ داری خود اٹھائی۔
یوٹیوب آمدنی سے متعلق افواہوں پر بشریٰ انصاری کی وضاحت
بشریٰ انصاری نے کہا کہ وقت گزرنے اور طلاق کے بعد حالات کافی بدل چکے ہیں۔ ان کے مطابق اقبال انصاری اب ایک نہایت اچھے والد بن چکے ہیں اور اپنی دونوں بیٹیوں کے ساتھ انتہائی قریبی تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سابق شوہر اب اپنی بیٹیوں کے ساتھ رہتے ہیں اور اپنے نواسے نواسیوں کی دیکھ بھال میں بھی بھرپور دلچسپی لیتے ہیں۔ وہ بچوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ان کی خیریت دریافت کرتے ہیں اور ان کی روزمرہ زندگی میں بھرپور شریک رہتے ہیں۔
اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب ان کی اپنی بیٹیاں چھوٹی تھیں تو ڈائپر تبدیل کرنے سے لے کر بچوں کی ہر ضرورت پوری کرنا ان کی ذمہ داری تھی، لیکن اب اقبال انصاری اپنے نواسے نواسیوں کی دیکھ بھال میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اس ذمہ داری کو خوش دلی سے نبھا رہے ہیں۔
میری عمر چھوڑیں کچھ نیا سوچیں؛ بشریٰ انصاری کا ناقدین کو کرارا جواب
بشریٰ انصاری نے کہا کہ انسان وقت کے ساتھ سیکھتا اور بدلتا ہے، اسی لیے وہ سمجھتی ہیں کہ ان کے سابق شوہر میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے اس تبدیلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی بیٹیاں اپنے والد کے ساتھ مضبوط تعلق رکھتی ہیں اور بچوں کو بھی اپنے نانا کی محبت اور توجہ حاصل ہے۔
بشریٰ انصاری اور اقبال حسین کی شادی کی دلچسپ کہانی: مداح حیران
بشریٰ انصاری کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ مل رہی ہے، جہاں صارفین ان کی صاف گوئی اور سابق شوہر کے بارے میں مثبت انداز میں بات کرنے کو سراہ رہے ہیں۔
