آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے عام انتخابات 3 مرحلوں میں کرانے کا اعلان کرتے ہوئے نیا انتخابی شیڈول جاری کر دیا جبکہ الیکشن ملتوی کرنے کے مطالبات مسترد کر دیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی۔ اس طرح آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا عمل 3 مراحل میں مکمل ہوگا۔
آزاد کشمیر میں حکومت کی باریاں لینے والے اپنے منشور پر عمل نہیں کر سکے، عبدالعلیم خان
انہوں نے بتایا کہ ہر مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی مرحلے کے غیر سرکاری اور سرکاری نتائج جاری کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی انتظامی امور، انتخابی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، شفاف، منظم اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
مرحلہ وار انتخابات سے سکیورٹی، انتخابی عملے کی تعیناتی اور انتخابی عمل کی نگرانی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، طارق فضل چوہدری
انہوں نے تمام ریٹرننگ افسران، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ نئے انتخابی شیڈول کے مطابق اپنی تیاریاں مکمل کریں تاکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
