لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کرکٹ اکیڈمی الخدمت فاؤنڈیشن کی سرپرستی میں دینے کا اعلان کر دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، ڈائریکٹر اسپورٹس انجینئر احمد حماد رشید اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے الخدمت اسپورٹس کمپلیکس کا بھی معائنہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔
دورے کے دوران فخر زمان نے اعلان کیا کہ ان کی کرکٹ اکیڈمی اب “الخدمت فخر زمان کرکٹ اکیڈمی” کے نام سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام کام کرے گی، جبکہ الخدمت کے تعاون سے ملک کے مختلف شہروں میں مزید کرکٹ اکیڈمیز بھی قائم کی جائیں گی۔
فخر زمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات، خصوصاً آغوش ہومز، یتیم بچوں کی کفالت اور تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے نوجوانوں کی تربیت، کھیلوں کے فروغ اور مستحق افراد کی خدمت کے لیے الخدمت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے فخر زمان کے ساتھ شراکت داری ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا؛ وزیراعظم کی فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد
انہوں نے کہا کہ الخدمت نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور قومی تعمیر میں کھیلوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
