انیقہ معراج کو مس ورلڈ پاکستان 2026 کا تاج پہنا دیا گیا ہے۔ وہ تاریخ میں پہلی پاکستانی خاتون ہوں گی جو عالمی سطح پر مس ورلڈ مقابلے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔
تاج پوشی کی تقریب لاہور کے فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں انہیں 2022 کی مس پاکستان یونیورسل ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطااللہ گجرنے تاج پہنایا۔
مس ورلڈ کی سوشل میڈیا پر کیے گئے اعلان کے مطابق انیقہ معراج 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ کے 75ویں سالانہ ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
View this post on Instagram
24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس میں گریجویٹ ہیں اور اس وقت آڈٹنگ اور اکاؤنٹنگ میں ماسٹرز کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا مقصد اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننا ہے اور بچوں کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنا ہے تاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہو۔
انیقہ اس سے قبل بھی کئی عالمی مقابلہ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں، جن میں مس ارتھ، مس گلوبل، مس کازمو، مس ایکو انٹرنیشنل اور مس آورا انٹرنیشنل شامل ہیں۔ انہوں نے کوسووو میں منعقدہ “فریڈم آف دی ورلڈ” مقابلے میں 4 اعزازات بھی اپنے نام کیے۔
اگرچہ یہ مس ورلڈ میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے، تاہم ملک اس سے قبل بھی عالمی مقابلہ حسن میں حصہ لیتا رہا ہے۔ حالیہ برسوں میں مس یونیورس مقابلے میں ایریکا رابن اور روما ریاض نے پاکستان کی نمائندگی کر کے خوب پذیرائی حاصل کی۔
