کراچی، سندھ حکومت نے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے بڑے فیصلے کرتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 100 نئے بس روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ کراچی میں جلد ماحول دوست ای وی (الیکٹرک وہیکل) ٹیکسی سروس بھی متعارف کرائی جائے گی۔
یہ فیصلے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں عوام کو معیاری، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت خصوصی بس روٹس متعارف کرائے جائیں گے، جنہیں آکشن یا دیگر مسابقتی طریقہ کار کے ذریعے نجی سرمایہ کار کمپنیوں اور افراد کے سپرد کیا جائے گا۔
ان روٹس پر جدید ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے،اجلاس میں لاڑکانہ سے قمبر تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اس روٹ سے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے، دونوں اضلاع کے درمیان آمدورفت آسان ہوگی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کے انتظامی اور آپریشنل اقدامات جلد مکمل کیے جائیں۔
ایم کیو ایم کا گل پلازہ انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کراچی میں جلد ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو جدید سفری سہولت میسر آئے گی اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی، مزید ڈبل ڈیکر بسیں بھی جلد کراچی پہنچ رہی ہیں اور ان کے لیے نئے روٹس کی منصوبہ بندی مکمل کی جائے۔
اجلاس میں گرین لائن بی آر ٹی کی بڑھتی ہوئی رائڈرشپ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا شرجیل میمن نے بتایا کہ گرین لائن پر یومیہ مسافروں کی تعداد 81 ہزار جبکہ اورنج لائن پر 9 ہزار 800 تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن پر چلنے والی خصوصی پنک بس کو خواتین کی جانب سے شاندار پذیرائی ملی ہے، شرجیل میمن نے واضح کیا کہ خواتین کے لیے مختص پنک اسکوٹی منصوبے کے غلط استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مرد حضرات پنک اسکوٹیز استعمال کرتے پائے گئے تو گاڑیاں تحویل میں لے لی جائیں جبکہ پنک اسکوٹی کا رنگ تبدیل کرنے یا ریپنگ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت تمام جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
