پشاور :خیبرپختونخوا اسمبلی اراکین کے لیے نئی مراعات کی منظوری دے دی گئی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کے لیے غیر معمولی مراعات سے متعلق قانون سازی کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نئے قانون کے تحت اراکین اسمبلی اور ان کے شریک حیات بلیو پاسپورٹ کے حقدار ہوں گے جبکہ آفیشل پاسپورٹ کی سہولت وفاقی قانون کے تابع ہوگی۔
قانون کے مطابق اراکین اسمبلی ملک بھر کے ٹول پلازوں پر ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنیٰ ہوں گے، اسمبلی اجلاس کے دوران کسی رکن کو عدالت میں حاضری سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا، تاہم عدالت ضرورت پڑنے پر سماعت ملتوی یا دوبارہ مقرر کرسکے گی، جبکہ رکن اسمبلی اپنی مرضی سے عدالت میں پیش بھی ہوسکے گا۔
نئے قانون کے تحت ہر رکن اسمبلی کیٹیگری “بی” سیکیورٹی کا حقدار ہوگا جبکہ خطرات کی صورت میں سیکیورٹی کو کیٹیگری “اے” تک بڑھایا جاسکے گا، یہ سیکیورٹی پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک مؤثر ہوگی۔
قانون کے مطابق رکن اسمبلی اپنے حلقے میں عوامی اجلاس طلب کرسکے گا، جس میں متعلقہ سرکاری افسر کی شرکت لازمی ہوگی، بلاجواز عدم شرکت کو اسمبلی کے استحقاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ، گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراجِ عقیدت
مزید برآں کسی بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے قبل اسپیکر کی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے، اسپیکر پولیس رپورٹ یا چالان طلب کرسکیں گے اور چالان پیش ہونے سے قبل انکوائری کرانے کا اختیار بھی رکھتے ہوں گے۔
