ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کاروباری ہفتے کے دوران ایک بار پھر قیمتی دھات کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 34 ہزار 936 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
عالمی مارکیٹ میں سونا مزید سستا ، قیمت 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی
صرافہ ڈیلرز کے مطابق 24 قیراط خالص سونے کی قیمت میں کمی کے اثرات دس گرام سونے کی قیمت پر بھی مرتب ہوئے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 143 روپے کم ہونے کے بعد 3 لاکھ 72 ہزار 887 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قدر دباؤ کا شکار رہی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی، امریکی ڈالر کی مضبوطی، عالمی مالیاتی منڈیوں میں استحکام اور سرمایہ کاروں کے رجحانات میں تبدیلی کے باعث مقامی مارکیٹ بھی متاثر ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں آنے والی کمی کا براہِ راست اثر پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آیا۔
ایران امریکا معاہدے کی امید، عالمی منڈی میں سونا یکدم مہنگا ہو گیا
دوسری جانب صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے باعث خریداروں کی دلچسپی میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم مجموعی طور پر خرید و فروخت ابھی بھی معمول سے کم ہے۔ ان کے مطابق شادیوں کے سیزن اور تہواروں کے قریب سونے کی طلب میں اضافہ متوقع ہے، جس سے قیمتوں میں دوبارہ ردوبدل بھی ہو سکتا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 400 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ 10 گرام سونا 2 ہزار 58 روپے سستا ہوا تھا۔
