پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اسکول ایجوکیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انکشاف کیا گیا کہ قانون کے تحت نجی اسکولوں میں دس فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کی شرط پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔
قائمہ کمیٹی برائے اسکول ایجوکیشن کے اجلاس میں دس دن کے اندر نجی اسکولوں میں دس فیصد بچوں کی مفت تعلیم یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ دس فیصد بچوں کو مفت تعلیم نہ دینے والے اسکولوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔
بلوچستان میں سرکاری و نجی اسکولوں میں جسمانی سزا پر مکمل پابندی عائد
اجلاس کے دوران کمیٹی رکن نے تجویز دی کہ محکمہ خود مستحق بچوں کو نجی اسکولوں میں داخل کرائے اور صرف اسکولوں کے ڈیٹا پر انحصار کرنے کے بجائے خود تصدیق کرے، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے بتایا کہ دس فیصد مفت تعلیم سے متعلق تمام نجی اسکولوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 213 نجی اسکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سمری ارسال کر دی۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ جبکہ احکامات پر عمل نہ کرنے والے مزید تعلیمی اداروں کو بھی سیل کیا جائے گا۔
سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، نجی اسکولوں میں نصاب اور یونیفارم کی فروخت پر پابندی
سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے کہا کہ 744 نجی اسکولوں کو رجسٹریشن کرانے کے لیے پہلے ہی حتمی وارننگ جاری کی جا چکی ہے، تاہم متعدد اداروں نے تاحال قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے نجی اسکولوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور تمام تعلیمی اداروں کو متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
