نکیال: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کے درمیان جھگڑے سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جان کی بازی ہار گیا۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 9 نکیال میں پولنگ کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نکیال کے علاقے کھران ڈبسی کے پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کے بعد پیپلز پارٹی کا کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج اور پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مختار یونس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کا کارکن جاں بحق ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “متعلقہ حکام کہاں ہیں اور الیکشن کمیشن کیا کر رہا ہے؟”
آزاد کشمیر انتخابات شفاف ہوئے تو جیت پیپلز پارٹی کی ہو گی ، ندیم افضل چن
بلاول بھٹو زرداری نے مزید دعویٰ کیا کہ دو روز قبل بھی سردار عمیر نعیم اور ان کے ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی، اور اگر اس وقت کارروائی کی جاتی تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ مختار یونس ان کے امیدوار جاوید بڈھانوی کی انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔
