العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی

العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: نواز شریف کے خلاف اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت میں جاری العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

پیر کے روز نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کیس کی سماعت شروع  ہوئی تو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے خواجہ حارث کے معاون وکیل سے استفسار کیا کہ ان کے سینئر کہاں ہیں؟

معاون وکیل کی جانب سے خواجہ حارث کے راستہ میں ہونے کی اطلاع اور کچھ دیر میں پہنچنے کی تصدیق کے بعد سماعت عارضی طور پر ملتوی کر دی گئی۔

نیشنل اکاؤنٹیبیلیٹی بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر سردار مظفر عدالت میں موجود رہے۔

سماعت کے التواء سے قبل عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ میں مقدمہ کی سماعت کب ہے جس کے جواب میں بتایا گیا کہ عدالت عالیہ میں سماعت کل یعنی منگل کو ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کے خلاف اپیل کی سماعت 31 جولائی کو ہونا طے ہے۔ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کسی دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی درخواست پر بھی سماعت ہوگی۔

اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزائیں معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ کرے گا، دونوں ججز کو چھٹی منسوخ کر کے خصوصی طور پر بنچ میں شامل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں