لاہور، پنجاب حکومت نے طلبہ اور بےروزگار نوجوانوں کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 50 ہزار ای بائیکس اور 5 ہزار ای ٹیکسیاں بلاسود فراہم کرنے کی تجویز شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبرخان کے مطابق حکومت کی جانب سے ای بائیکس اور ای ٹیکسیوں کی فراہمی کیلئے خصوصی بلاسود اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو آسان اقساط پر فنانسنگ کی سہولت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم نوجوانوں کے لیے معاشی خودمختاری کا ذریعہ بنے گی اور انہیں اپنے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
نئے مالی سال 20 لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر
بلال اکبر خان نے مزید بتایا کہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے نوجوانوں کو رجسٹریشن سمیت مختلف مراعات بھی دی جائیں گی تاکہ وہ کم لاگت میں اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ صوبے میں جدید اور ماحول دوست سفری نظام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
