وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے دوران ملک بھر میں 20 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے، جبکہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بھی لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کیا گیا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 30 جون کو اختتام پذیر ہونے والے مالی سال 26-2025 میں تقریباً 18 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے گئے، جس کے بعد حکومت نے اگلے مالی سال کے لیے روزگار کے مزید وسیع اہداف طے کیے ہیں۔
مصنوعی ذہانت نوکریاں کھا گئی : اسنیپ چیٹ سے ہزاروں ملازمین برطرف
دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال میں سب سے زیادہ روزگار خدمات کے شعبے میں پیدا ہونے کی توقع ہے، جہاں 11 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع سامنے آئیں گے۔ اسی طرح صنعتی شعبے میں 5 لاکھ جبکہ زرعی شعبے میں 4 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق روزگار کے مواقع میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت میں بہتری اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کا عکاس ہے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ روزگار پیدا کرنے کا بڑھتا ہوا رجحان وسیع البنیاد، جامع اور روزگار دوست معاشی نمو کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔
اٹلی کے بعد 5 اور یورپی ممالک نے پاکستانیوں کو نوکریاں دینے کا اعلان کر دیا
حکومت کا مؤقف ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر جاری مختلف ترقیاتی اور روزگار پیدا کرنے کے پروگراموں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے لیبر مارکیٹ میں افرادی قوت کی شمولیت بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے، نوجوانوں کی تکنیکی مہارتوں میں اضافہ کرنے اور ملازمتوں کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
دستاویز میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران معاشی استحکام، سرمایہ کاری میں اضافے اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے بے روزگاری کی شرح میں کمی اور عوام کی معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
