وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حکومت کی مجبوری ہے، کیونکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک پر پڑ رہے ہیں۔
کنجروڑ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کے 193 ممالک تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہیں اور پاکستان بھی اس عالمی صورتحال سے الگ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران امریکا جنگ دوبارہ شروع ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی آئی، اسی وجہ سے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چار برس میں پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مارشل لا کے دور میں بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن عوامی خدمت کا سفر نہیں چھوڑا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ، روس، چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک نے ایران امریکا تنازع میں پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا ہے اور امید ہے کہ پاکستانی سفارتی کوششوں سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہو جائے گی۔
احسن اقبال نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مصنوعی طور پر تیل سستا رکھ کر معیشت کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچا دیا گیا جبکہ موجودہ حکومت مشکل فیصلے کرکے معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کا وقار پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہے، آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں تاکہ بھارت کو مضبوط اور مؤثر پیغام دیا جا سکے۔
