پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج لائن ٹرین، اسپیڈو اور میٹرو بس سروس میں ٹوکن اور روایتی کارڈ سسٹم ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مسافروں کو کرایے کی ادائیگی کے لیے نئے ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرنا ہوں گے۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے انچارج عزیر شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اورنج ٹرین، اسپیڈو اور میٹرو بسوں میں ٹوکن اور پرانے کارڈز کا نظام ختم کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق مسافر اب ٹی کیش کارڈ، موبائل ایپ اور اے ٹی ایم/بینک کارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کر سکیں گے، جس کا مقصد سفری نظام کو مزید جدید اور سہل بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرانے کارڈز میں موجود بیلنس واپس نہیں کیا جائے گا، تاہم کارڈ متعلقہ اسٹیشن پر جمع کرانے پر صرف 130 روپے بطور سکیورٹی رقم واپس کی جائے گی۔
انہوں نے تمام مسافروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پرانے کارڈز جلد از جلد متعلقہ اسٹیشنز پر جمع کرا دیں۔
دوسری جانب متعدد مسافروں نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ کارڈ سسٹم ختم کیے جانے کے باوجود بعض مقامات پر ان کے کارڈز ری چارج کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس تبدیلی کے بارے میں پہلے سے کوئی واضح اطلاع یا عوامی آگاہی مہم بھی نہیں چلائی گئی۔
مظفرآباد کے بعد میرپور میں بھی الیکٹرک بسیں پہنچ گئیں
مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اتھارٹی نئے نظام سے متعلق واضح رہنمائی فراہم کرے اور پرانے کارڈز میں موجود بیلنس کے معاملے پر بھی مناسب پالیسی مرتب کرے تاکہ شہریوں کو مالی نقصان اور غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
