معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے حالیہ دعووں پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے میئر کراچی کے اس بیان پر طنز کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سر جاتا ہے۔
مشی خان نے طنزیہ انداز میں کہا، “مرتضیٰ وہاب صاحب کتنے ‘کیوٹلی’ بتا رہے ہیں اور خود ہی اپنے سر کامیابی کا سہرا سجا رہے ہیں، آخر یہ کون سا دولہا ہے جس کا سہرا آپ خود ہی پہنا رہے ہیں؟”
یہ ویڈیو اداکارہ نے ایک چلتی گاڑی میں ریکارڈ کی، جہاں سڑک کی بدحالی اور گڑھوں کے باعث ان کی گاڑی شدید ہچکولے کھا رہی تھی۔
مشی خان نے گاڑی کے جھٹکوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ جیسی اہم سڑک اتنے سالوں بعد بنی اور چند گاڑیاں گزرنے سے ہی جھاگ کی طرح بیٹھ گئی۔
انہوں نے شہر کی حالتِ زار پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے کراچی میں جگہ جگہ گڑھے، کچرے کے ڈھیر اور اسٹریٹ کرائم (سنیچنگ) کی بدترین صورتحال ہے، لاء اینڈ آرڈر نہ ہونے کے برابر ہے تو پھر میئر صاحب کس چیز کا کریڈٹ لے رہے ہیں؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کراچی کو سنجیدگی سے لے اور “اپنے منہ میاں مٹھو” بننے کے بجائے عملی کام کرے، تاکہ عوام کو بھی ان کی تعریف کرنے کا موقع مل سکے۔
