نئی دہلی: بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے آبادی میں اضافے کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک نئی پالیسی کا اعلان کر دیا۔ جس کے تحت تیسری اور چوتھی اولاد پر والدین کو نقد رقم دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ کے اعلان کے مطابق تیسری اولاد کی پیدائش پر 30 ہزار روپے جبکہ چوتھی اولاد پر 40 ہزار روپے فوری طور پر والدین کو دیئے جائیں گے۔ تاکہ خاندانوں کو براہ راست مالی سہولت فراہم کی جا سکے۔
این چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ بدلتے عالمی حالات میں شرح پیدائش میں کمی ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ اس لیے بچوں کو “قومی اثاثہ” سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جلد “چلڈرن آر ویلتھ” کے نام سے ایک خصوصی پروگرام شروع کرے گی۔ جس کا مقصد آبادی میں توازن برقرار رکھنا ہے۔
وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش نے کہا کہ آنگن واڑی مراکز کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ ماں اور بچے کی غذائی ضروریات کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کسان نے ایک ہی درخت پر 14 اقسام کے آم لگا کر دنیا کو حیران کر دیا
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں پہلے ہی ماؤں کے لیے تالی کی وندنام اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
