ابینہ ڈویژن نے سال 2026 کی پہلی سہہ ماہی، جنوری سے مارچ تک کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کر دیا، جس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت متعدد اعلیٰ حکومتی شخصیات کو قیمتی تحائف موصول ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تحائف وصول کرنے والوں میں سرفہرست رہے، جنہیں تین ماہ کے دوران مجموعی طور پر 27 تحائف دیے گئے، وزیراعظم کو ملنے والے تحائف میں پاتیک فلپ گھڑی، تین رولیکس گھڑیاں، سونے کے ماڈلز اور زیورات کے متعدد سیٹ شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے ریکارڈ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو مجموعی طور پر 10 قیمتی تحائف موصول ہوئے، جن میں واشرون کونسٹینٹن گھڑی، تلواریں، شطرنج سیٹ اور اونی اوور کوٹ شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بھی رولیکس گھڑی سمیت مجموعی طور پر 8 تحائف ملے۔
اسی طرح خاتونِ اول آصفہ بھٹو کو جیولری سیٹ اور روایتی لباس تحفے میں دیے گئے جب کہ بختاور بھٹو زرداری کو قیمتی ہار پیش کیا گیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، طارق فاطمی، شزا فاطمہ اور چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیراحمد بٹ بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ریکارڈ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام شخصیات نے قواعد و ضوابط کے مطابق موصول ہونے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے
