پنجاب حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کی اجازت نہ دینے کا دوٹوک فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (RTA) کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔
سیکریٹری آر ٹی اے لاہور، رانا محسن کے مطابق، محکمہ ٹرانسپورٹ نے انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹرز سے کرایے نہ بڑھانے کے باقاعدہ بیان حلفی جمع کر لیے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے پر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا تھا، جسے اب حکومتی مداخلت کے بعد واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام بس اڈوں پر چھاپہ مار ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔
سیکریٹری آر ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
