پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے میٹرک سالانہ امتحانات 2027 کے شیڈول کی منظوری دے دی جس کے تحت اگلے سال میٹرک کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہونگے ۔
رواں سال صوبے کے مختلف بورڈز کے تحت ہونے والے میٹرک امتحانات میں لڑکیوں نے میدان مارا تھا جبکہ نویں جماعت کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے تھے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 16 مارچ 2027 سے شروع ہوں گے جن کے نتائج کا اعلان 20 جولائی 2027 کو کیا جائے گا۔
سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈبل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 12 دسمبر سے 28 دسمبر 2026 تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
ٹرپل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں تقریباً 2 ہزار 200 سرکاری اسکولوں میں نویں جماعت میں کامیابی کا تناسب 20 فیصد سے کم رہا جبکہ کئی سرکاری اسکولوں میں نویں جماعت کا ایک بھی طالب علم کامیاب نہ ہوسکا۔
معاملے کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی نوٹس لیا تھا اور آؤٹ سورس اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں پوائنٹ اسکورنگ سے بات نہیں بنے گی،سرکاری اسکولوں کوکارکردگی میں بہتری لانا ہوگی،ٹیچرز کی محنت طلبہ کے رزلٹ میں نظر آنی چاہیے۔

