وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے 5 ارب روپے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا تحریری جواب بھجوا دیا جبکہ جوابی کارروائی کرتے ہوئے مریم نواز اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو بھی ہتک عزت کے قانونی نوٹسز بھی ارسال کر دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر سالک حسین کے درمیان تنازع کا آغاز 2 نومبر کو چوہدری سالک حسین کے اے آر وائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو سے ہوا تھا جس میں انہوں نے پنجاب میں کرپشن، بدانتظامی اور ترقیاتی بجٹ کے استعمال سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اس بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت ردعمل دیتے ہوئے سالک حسین کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔
ترجمان مسلم لیگ (ق) کے مطابق چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کا تحریری جواب ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ارسال کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے جواب میں اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی نوٹس کے ذریعے انہیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا اور وہ عوامی مفاد کے مسائل پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ پنجاب بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور ان مسائل پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنے وکیل کے توسط سے ہتک عزت کے 2 قانونی نوٹس بھی بھجوائے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دوسرا وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک نے مذکورہ ٹی وی انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ”پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روزسن رہا ہوں جس میں صداقت بھی ہے اور اب تو کرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھر گئی ہیں، یہ کہانیاں نوٹ بھی ہو رہی ہیں“۔
وفاقی وزیرچوہدری سالک نےARYکوانکشاف کیا پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روزسن رہا ہوں جس میں صداقت بھی ہے۔اوراب توکرپشن کی فائلیں نہی الماریاں بھرگئی ہی،یہ کہانیاں نوٹ بھی ہورہی ہیں
جہازکا ذاتی استعمال نہیں ہوناچاہیے،اورسرکاری استعمال کابھی بتائیں دوروں سےملک میں اتنی سرمایہ کاری ائی https://t.co/Mc6mTXD21m— Naeem Ashraf Butt (@NaeemAshrafBut2) November 2, 2026
دوران انٹرویو انہوں نے مزید کہا کہ ”جہازکا ذاتی استعمال نہیں ہونا چاہیے اور سرکاری استعمال کا بھی بتائیں، دوروں سےملک میں کتنی سرمایہ کاری آئی؟ پنجاب کا سارا بجٹ لاہور جاتا ہے ، پھر ان کی مرضی ہے کہ کیسے تقسیم کریں۔“
وفاقئ وزیر چوہدری سالک :
پنچاب میں بہت کرپشن ہورہئ ہے اور ادارے اسے نوٹ بھئ کر رہے ہیں۔ مشورہ ہے محتاط رہیں یہ چیزیں گلے پڑ جاتی ہیں۔
عظمی بخارئ صاحبہ کو کہوں گا سرکارئ تھالی میں نہ ہم نے کبھی کھایا ہے نہ آئندہ کھائیں گے۔ اسے اپنے پاس ہی رکھیں
#11thHour https://t.co/q4VNXygATz
— Waseem Badami (@WaseemBadami) November 3, 2026
اس انٹرویو کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اے آر وائی نیوز کے اینکر نعیم اشرف بٹ اور چینل کے چیئرمین محمد اقبال کو بھی نوٹسز بھیجے گئے تھے۔ مریم نواز کی جانب سے نوٹس میں مبینہ ہتک آمیز بیانات واپس لینے، معافی مانگنے اور ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
چوہدری سالک حسین نے اس وقت اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مریم نواز کا نام نہیں لیا بلکہ پنجاب میں موجود مسائل کی نشاندہی کی تھی۔ اب انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس کا جواب دینے کے ساتھ خود بھی مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو قانونی نوٹس بھجوا دیے ہیں۔



