وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر اور یقینی کارروائی کے لیے نیا ’اینٹی ریپ ایکٹ‘ لانے کا حکم دے دیا گیا جبکہ مقدمات کی فوری سماعت کے لیے ’اسپیڈی کورٹ‘ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں سزا کی شرح پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مقررہ مدت میں فیصلے کرنے، آڈیو ویڈیو شہادتوں کی موثر ریکارڈنگ اور تفتیش و پراسیکیوشن میں بہتری کے لیے اے آئی کی معاونت لینے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس اسٹیشن پر خواتین سے متعلق 1.24 ملین اور ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن پر تقریباً سوا لاکھ شکایات درج ہوئیں جن میں سے92 فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی۔
ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی کے ذریعے 70 ہزار گمشدہ بچے برآمد کیے گئے،4 ہزار اسپیشل بچوں کو گھروں تک پہنچایا گیا جبکہ بچوں سے زیادتی کے 7ہزار 588 کیسز حل کر لیے گئے جن میں 71 فیصد واقعات میں قریبی لوگ ملوث پائے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا میں جرائم پیشہ گینگ کے خاتمے پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے موثر قانون سازی اور سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے۔
پنجاب میں خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات میں تشویش ناک اضافہ
واضح رہے گزشتہ چند سالوں کے دوران صوبے میں خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات تیزی سے بڑھے ہیں۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق 2021 سے جون 2026 تک ملک بھر میں درج ہونے والے زیادتی کے مقدمات میں سے تقریباً 90 فیصد پنجاب میں رپورٹ ہوئے جبکہ اجتماعی زیادتی کے کیسز میں صوبے کا حصہ 99 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 2021 سے جون 2026 کے دوران ملک بھر میں درج ہونے والے زیادتی کے مقدمات میں پنجاب کا حصہ 89.7 فیصد رہا۔ اسی عرصے میں اجتماعی زیادتی کے کیسز قومی سطح پر درج ہونے والے زیادتی سے متعلق مقدمات کا 62.8 فیصد تھے جبکہ ان میں سے 99.2 فیصد مقدمات پنجاب میں درج ہوئے۔
اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں اینٹی ریپ ایکٹ کے نفاذ کے بعد ابتدائی چار ہفتوں، یعنی 4 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران اجتماعی زیادتی کے ایک ہزار 11 مقدمات درج ہوئے۔
خواتین کے خلاف جرائم کے ساتھ بچوں سے زیادتی کے واقعات بھی سنگین صورت حال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ 2026 کے پہلے 6 ماہ میں بچوں سے زیادتی کے ماہانہ مقدمات کی اوسط 187 رہی جو 2025 میں 145 تھی۔ یوں بچوں سے زیادتی کے واقعات میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
2021 سے جون 2026 تک پنجاب میں بچوں سے زیادتی کے 8 ہزار 154 مقدمات درج ہوئے جو صوبے میں زیادتی کے مجموعی اعدادوشمار کا 19.2 فیصد ہیں۔ صرف 2024 میں ایک ہزار 916 کیسز رپورٹ ہوئے یعنی روزانہ 5 سے زیادہ واقعات درج کیے گئے۔
اعدادوشمار کا ایک اور تشویش ناک پہلو پولیس حراست میں زیادتی کے واقعات ہیں۔ 2021 سے جون 2026 تک پنجاب میں حراست کے دوران زیادتی کے 214 مقدمات درج ہوئے جو قومی ڈیٹا میں شامل ایسے واقعات کا 99.5 فیصد ہیں۔ بلوچستان کے علاوہ کسی دوسرے صوبے میں اس نوعیت کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔
حراست میں زیادتی کے مقدمات 2024 میں بڑھ کر 68 ہوگئے جبکہ 2026 کے پہلے 6 ماہ میں ایسے 36 کیسز رپورٹ ہوئے جو 2025 کے پورے سال کے 39 مقدمات کے قریب ہیں۔ ان مقدمات میں صرف ایک ملزم کو سزا ہوئی جبکہ 51 ملزمان بری ہوئے۔
پنجاب میں زیادتی کے بعد قتل کے 151 مقدمات بھی درج ہوئے جن میں 13 ملزمان کو سزا، 43 کو بری کیا گیا جبکہ 83 مقدمات زیرِ التوا ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق زیادتی کے مقدمات میں نامزد 57 ہزار 159 ملزمان گرفتار کیے گئے جو مجموعی ملزمان کا 91 فیصد ہیں۔ تاہم 2021 سے جون 2026 کے دوران پنجاب میں زیادتی کے 9 ہزار 155 مقدمات خارج کیے گئے جو کل مقدمات کا 21.5 فیصد بنتے ہیں۔ ان میں اجتماعی زیادتی کے 6 ہزار 995 مقدمات شامل تھے۔
اسی عرصے میں عدالتوں نے تمام اقسام کے مقدمات میں 639 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ 12 ہزار 741 ملزمان بری ہوئے۔ یوں ہر ایک سزا کے مقابلے میں تقریباً 20 ملزمان بری ہوئے۔


