اسلام آباد: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے خطے میں سلامتی کا ایک ایسا نظام قائم کرنے پر زور دیا ہے جس کی بنیاد ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان زیادہ تعاون پر مبنی ہو۔
پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے واشنگٹن اور اسرائیل پر ایسی پالیسیاں اپنانے کا الزام لگایا جن سے خطے کا امن و استحکام متاثر ہوا، سمندری سکیورٹی کو نقصان پہنچا اور توانائی کی فراہمی کو خطرات لاحق ہوئے۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا عنوان ’مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائیت کی بحالی‘ ہے۔ اس اجلاس میں ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور قازقستان سمیت رکن ممالک کے وفود شریک ہیں۔ اس کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔
ایران کے خبر رساں ادارے ’تسنیم‘ کی جانب سے جاری کردہ عباس عراقچی کی تقریر کے متن کے مطابق، وزیرِ خارجہ نے کہا کہ خلیجِ فارس میں بدامنی اور آبنائے ہرمز کے گرد پیش آنے والے واقعات کی وجہ، ان کے بقول، امریکا کی ایران مخالف پالیسیاں اور امریکا و اسرائیل کی مشترکہ جارحیت ہے۔
عباس عراقچی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران 5 ہزار سے زیادہ ایرانی شہری ہلاک ہوئے، جن میں مناب کے ایک اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔ ان کے بقول، ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور کئی اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام بھی مارے گئے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران مسلسل سفارت کاری اور تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کرتا رہا ہے، تاہم انہوں نے امریکا پر فوجی جارحیت، معاشی دباؤ، پابندیاں عائد کرنے اور ناکہ بندیوں کا سہارا لینے کا الزام لگایا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ تہران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات چاہتا ہے اور ان ممالک کے ساتھ اس کا کوئی بنیادی تنازع نہیں ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین اور فوجی تنصیبات دوسرے ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہئیں۔
ان کے بقول، ”خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔“
ایران کے وزیرِ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کے جوابی حملوں کا ہدف پڑوسی ممالک کے عوام یا حکومتیں نہیں بلکہ ان ممالک کے فوجی اڈے اور تنصیبات تھیں جنہیں وہ ایران پر حملوں کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔
عباس عراقچی نے ای سی او ممالک پر زور دیا کہ وہ مکالمے، باہمی احترام اور عدم جارحیت کے اصولوں کی بنیاد پر ایسا علاقائی سلامتی کا نظام قائم کریں جس میں تمام ممالک شامل ہوں اور جس کی قیادت خطے کے ممالک خود کریں۔
Expanded-format family photo of the Foreign Ministers and Heads of Delegation of ECO Member States, invited guests and representatives of participating organizations at the 30th Meeting of the Economic Cooperation Organization (ECO) Council of Ministers in Islamabad today.
#ECOCOM30 #PakistanECOChairmanship #ECOIslamabad
@MIshaqDar50
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 16, 2026
ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت کسی تیسرے فریق کو ایک ملک کی سرزمین، فضائی حدود یا بنیادی ڈھانچے کو دوسرے ملک پر حملے کے لیے استعمال کرنے سے روکا جانا چاہیے۔
اپنے خطاب میں وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی توانائی کے تحفظ کو متاثر کر رہی ہے اور اس صورتِ حال میں رکن ممالک کے درمیان تعاون مزید اہم ہو گیا ہے۔
عباس عراقچی نے تجویز دی کہ توانائی کی ترسیل کو محفوظ بنانے، اس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور پائیدار علاقائی نظام قائم کیا جائے۔
اجلاس میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے تجارت، نقل و حمل اور توانائی کو ای سی او کے مستقبل کے تعاون کے تین اہم ستون بھی قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ معیشتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ مربوط کرنے سے رکن ممالک بیرونی دباؤ کا بہتر مقابلہ کر سکیں گے۔
بدامنی ترقی کے بہترین منصوبوں کو بھی نقصان پہنچاتی ہے: اسحاق ڈار
اس سے قبل ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں، معاشی تعاون ممالک کے درمیان استحکام کے مشترکہ مفادات پیدا کرتا ہے، جبکہ بدامنی ترقی کے بہترین منصوبوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
اسحاق ڈار نے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسائل کے پُرامن حل کا حامی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کو پُرامن، خوشحال اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے تاکہ وہ علاقائی تجارت اور روابط کے منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔ تاہم، اس مقصد کے لیے افغان حکام کو ہمسایہ ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرات، دور کرنا ہوں گے۔
