بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ وہ ”موت کے خطرے“ کے باوجود دسمبر میں اپنے ملک واپس جائیں گی۔
شیخ حسینہ اگست 2024 سے بھارت میں روپوش ہے۔ وہ بنگلہ دیش میں طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک کے نتیجے میں اپنی 15 سالہ سخت گیر حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں۔
گزشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے شیخ حسینہ کو مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ نے بذریعہ ای میل انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ”میں وطن واپسی پر درپیش خطرات سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ لیکن میں فیصلہ کرچکی ہوں اور موت کا کوئی خطرہ مجھے اپنے وطن واپس آنے سے نہیں روک سکتا۔“
شیخ حسینہ کا وطن واپسی پر اصرار بنگلہ دیش کے اس بیان کے چند دن بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ وطن واپسی پر انہیں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بنگلہ دیشی حکام نے مزید کہا تھا کہ سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کی مدت گزرنے کے بعد اب شیخ حسینہ کے پاس کوئی قانونی راستہ باقی نہیں رہا۔
خیال رہے کہ 79 سالہ شیخ حسینہ اس ٹرائل کی قانونی حیثیت کو بارہا مسترد کرچکی ہیں۔
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو بدعنوانی کے الزامات سمیت کئی دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ اس پر شیخ حسینہ کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف “600 سے زیادہ جھوٹے مقدمات درج کیے گئے۔”
دوسری جانب ڈھاکا، بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کر چکا ہے۔ تاہم نئی دہلی کا کہنا ہے اس درخواست کا قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
البتہ شیخ حسینہ بنگلہ دیش کے اس مؤقف کو ”متضاد“ قرار دیتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے وہ میری واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اب جب میں وطن واپسی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ وہ مجھے واپس آنے کی اجازت دینے کے بجائے دھمکیاں دینے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
شیخ حسینہ کے بقول ”سچ کہوں تو بنگلہ دیشی حکام کے یہ متضاد بیانات بہت کچھ ظاہر کرتے ہیں۔“
اے ایف پی کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کے وطن واپسی کے عزم کا اظہار سیاسی طور پر اپنی اہمیت برقرار رکھنے، حامیوں کی وفاداری قائم رکھنے اور اپنی جماعت عوامی لیگ کو زندہ رکھنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ وہ جماعت ہے جس کا کبھی بنگلہ دیش کی سیاست پر غلبہ تھا لیکن اب اس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ ممکن ہے کہ شیخ حسینہ اس امید پر بھی وطن واپسی کا فیصلہ کر رہی ہوں کہ حکومت کے لیے انہیں سزائے موت دینا اس لیے مشکل ہوگا کیوں کہ وہ بنگلہ دیش کے بانی رہنما شیخ مجیب الرحمان کی بیٹی ہیں۔
’واپسی کی قیمت موت ہے تو سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں‘
بنگلہ دیش میں حالیہ پیٹرول بم حملوں سے متعلق شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت عوامی لیگ اس میں ملوث نہیں ہے۔
واضح رہے کہ حکام نے حالیہ پیٹرول بم حملوں کا الزام عوامی لیگ پر عائد کیا تھا۔
انٹرویو کے دوران شیخ حسینہ نے کہا کہ بنگلہ دیش واپسی کے انتظامات کے لیے ان کا بھارت سے مدد لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے تو وہ کیوں کسی دوسرے ملک سے اپنی حوالگی کی درخواست کریں؟
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حوالگی دو خود مختار ریاستوں کا معاملہ ہے۔ بھارت اپنے قوانین، پالیسیوں اور قومی مفادات کے مطابق خود فیصلہ کرے گا۔
شیخ حسینہ کے بقول ان کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے ذریعے ان کے بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کی تیاریاں پہلے ہی کر رہی ہیں۔
شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ”میں مرنا نہیں چاہتی۔ میں زندہ رہنا اور اپنے ملک کی خدمت جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ لیکن اگر وطن واپس آنے کی قیمت موت ہے تو میں اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔“

