پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر کے تمام رجسٹرڈ میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹرز کیلیے اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں اپنی رجسٹریشن اور پریکٹس لائسنس کی تجدید مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق رجسٹریشن اور پریکٹس لائسنس کی تجدید کیلیے 8 فروری 2027 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ملک میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم، ڈاکٹروں کی رجسٹریشن اور پیشہ ورانہ پریکٹس کو ریگولیٹ کرنے والا خودمختار ادارہ ہے۔ کونسل کا بنیادی مقصد طبی تعلیم اور صحت کی خدمات کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صرف مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹرز ہی قانونی طور پر طبی پریکٹس کر سکیں۔
پی ایم ڈی سی نے تمام رجسٹرڈ ڈاکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل تجدید کا عمل مکمل کرائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی ریگولیٹری کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ رجسٹریشن کی تجدید نہ کرانے والے ڈاکٹرز کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ مسلسل 10 سال تک اپنی رجسٹریشن کی تجدید نہ کرانے والے ڈاکٹرز کے نام پی ایم ڈی سی کے رجسٹر سے خارج کیے جا سکتے ہیں۔
کونسل نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ رجسٹریشن اور پریکٹس لائسنس کی مدت کا جائزہ لیں اور 8 فروری 2027 تک تجدید کا عمل مکمل کر لیں۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ بروقت تجدید نہ کرانے کی صورت میں ڈاکٹرز کو ریگولیٹری مسائل اور ممکنہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ڈاکٹرز مقررہ ڈیڈ لائن کا خیال رکھتے ہوئے اپنی رجسٹریشن کی تجدید یقینی بنائیں۔
واضح رہے پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن اور پریکٹس لائسنس کا حصول ڈاکٹروں کیلیے قانونی طور پر طبی خدمات انجام دینے کی بنیادی شرط ہے۔ اس عمل کے ذریعے ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ اسناد اور اہلیت کا ریکارڈ برقرار رکھا جاتا ہے۔



