وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی بہتری کے لیے کتابی باتیں نہیں، عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے متحرک ہے اور مؤثر سفارتکاری کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے پیش نظر محتاط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے، تاہم مشکل حالات کے باوجود پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، وزیر خزانہ کے مطابق چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ مستحکم رہی ہے اور اصلاحات کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا اور نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیشت کی بہتری کے لیے کیپٹل مارکیٹ کا استحکام ناگزیر ہے اور نئی نسل کو بھی اس کا حصہ بنانا ہوگا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ توانائی کے متبادل ذرائع جیسے سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کی جانب فوری منتقلی ضروری ہے جبکہ خود انحصاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے، انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط اور استحکام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ایران کی متحدہ عرب امارات پر حملوں کی سختی سے تردید، الزامات کو پروپیگنڈا قرار دے دیا
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت ریگولیٹری اصلاحات کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کردار کو سرمایہ کاروں کی آگاہی اور سہولت کے لیے اہم قرار دیا۔ ان کے مطابق ایس ای سی پی میں قانونی اصلاحات کی بھی ضرورت ہے تاکہ پاکستانی مارکیٹ کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
