پاکستان کے لیجنڈری گلوکار سجاد علی نے بھارت کی جانب سے شہریت کی پیشکش پر ایسا دوٹوک جواب دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
90 کی دہائی سے اپنی آواز کا جادو جگانے والے فنکار نے واضح کیا کہ ان کا ملک کے ساتھ رشتہ کسی سودے بازی کا محتاج نہیں۔
رپورٹس کے مطابق سجاد علی گزشتہ چند سالوں سے امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔
حال ہی میں ان کے ایک قریبی دوست نے پوڈکاسٹ کے دوران انکشاف کیا کہ کراچی میں ڈکیتی کے ایک افسوسناک واقعے کے بعد سجاد علی نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی دوران دبئی میں قیام کے موقع پر ایک بھارتی اہلکار نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں بھارت کی شہریت لینے کی پیشکش کی۔
سجاد علی نے اس پیشکش کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے تاریخی جملہ ادا کیا کہ میں نے اپنا ملک چھوڑا ہے، بیچا نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور مداح اسے سجاد علی کی اپنی مٹی سے سچی محبت اور حب الوطنی کی عظیم مثال قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سجاد علی اپنی منفرد گلوکاری اور کلاسیکی موسیقی پر مہارت کے باعث دنیا بھر میں پاکستانی موسیقی کے سفیر مانے جاتے ہیں۔ ان کے اس دوٹوک جواب نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بیرون ملک مقیم ہونے کے باوجود ان کا دل پاکستان کے لیے ہی دھڑکتا ہے۔
