بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف مئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں دو نئے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔
کرک انفو کے مطابق ٹاپ آرڈر بیٹر تنزید حسن اور وکٹ کیپر بیٹر امائٹ حسن کو پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ تنزید حسن اس سے قبل محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، جبکہ امائٹ حسن نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔
بنگلا دیشی کرکٹر روبیل حسین کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
چیف سلیکٹر حبیب البشر کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی کافی عرصے سے سلیکشن کمیٹی کی نظر میں تھے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر موقع کے مستحق تھے۔ ان کے مطابق تنزید حسن کی تکنیک مضبوط ہے اور وہ طویل فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امائٹ حسن فرسٹ کلاس کرکٹ میں نہایت مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں، ان کا مزاج ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، جہاں صبر اور نظم و ضبط بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
اسکواڈ میں فاسٹ بولرز شرف الاسلام اور تسکین احمد کی بھی واپسی ہوئی ہے، جبکہ آف اسپنر نعیم حسن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تسکین احمد نے اپنا آخری ٹیسٹ دسمبر 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا، اس لیے ان کی واپسی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب خالد احمد، جاکر علی، حسن محمود اور حسن مراد کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ تحلیل، تمیم اقبال نئے صدر مقرر
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 8 مئی سے ڈھاکا میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش اسکواڈ:
نجم الحسن شانتو (کپتان)، محمود الحسن جوئے، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفیق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، نعیم حسن، عبادت حسین، شرف الاسلام، تسکین احمد، نہید رانا، تنزید حسن، امائٹ حسن
