امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان جوز میں واقع ایڈوبے (Adobe) کے مرکزی دفتر کی عمارت پر گزشتہ تین برس سے مسلسل چلنے والا ایک پراسرار سیمیفور (Semaphore) معمہ بالآخر حل کر لیا گیا۔
یہ منفرد پہیلی مئی 2023 سے عمارت کی چھت پر نصب تھی اور اس نے ٹیکنالوجی ماہرین، پروگرامرز اور پہلیاں حل کرنے کے شوقین افراد کو طویل عرصے تک حیران کیے رکھا۔
اس فن پارے کو معروف آرٹسٹ بین روبن نے تخلیق کیا تھا۔ اس میں چار دائروں کی مختلف سمتوں میں حرکت پر مبنی ایک مسلسل اینیمیشن دکھائی جاتی تھی، جس کا مقصد ایک خفیہ پیغام پہنچانا تھا، تاہم کئی برس تک کوئی بھی اس کا مطلب سمجھنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
بالآخر رواں سال سافٹ ویئر انجینیئر برائن ونسنٹ نے اس پیچیدہ پہلی کو حل کر لیا۔ انہوں نے اینیمیشن کے تمام پیٹرنز کا تفصیلی تجزیہ کیا اور معلوم کیا کہ یہ دراصل ایک ایسا کوڈ تھا جو ڈیجیٹل تصویر کے پکسلز کے رنگوں کی نمائندگی کر رہا تھا۔
کراچی میں اڑن طشتری کامعمہ حل نہ ہوسکا
تحقیق کے بعد سامنے آیا کہ اس خفیہ کوڈ کا نتیجہ مشہور اطالوی مصور سینڈرو بوٹیچیلی کی شاہکار پینٹنگ”برتھ آف وینس” (Birth of Venus)میں موجود ایک گلاب کی تصویر کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔
ایڈوبے کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں برائن ونسنٹ نے کہا کہ اس معمہ کی مشکل کا معیار انتہائی متوازن تھا۔ ان کے مطابق پہلی نظر میں یہ نسبتاً سادہ محسوس ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں اسے حل کرنے کے لیے بے حد محنت، باریک بینی اور مسلسل کوشش درکار تھی، یہی وجہ ہے کہ اسے حل ہونے میں تقریباً تین سال لگ گئے۔
انسان نما روبوٹ نے 3 دن مسلسل چل کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
یہ سان ہوزے سیمیفور سیریز کی تیسری پہیلی تھی۔ اس سے قبل تقریباً 20 سال پہلے نصب کیے گئے پہلے سیمیفور میں امریکی ناول نگارتھامس پنچن کے ناول “The Crying of Lot 49” کا مکمل متن خفیہ انداز میں چھپایا گیا تھا، جبکہ دوسرے معمہ میں خلا باز نیل آرمسٹرانگ کی تاریخی آواز محفوظ تھی، جس میں وہ چاند پر اترتے وقت کہتے ہیں: “انسان کا ایک چھوٹا قدم، مگر انسانیت کے لیے ایک عظیم جست۔”
ایڈوبے نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی عمارت پر ایک نیا سیمیفور معمہ نصب کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق اس نئی پہیلی کو سب سے پہلے حل کرنے والے شخص کو دو سال کے لیے Adobe Creative Cloud کا مفت سبسکرپشن انعام کے طور پر دیا جائے گا۔ یہ اعلان ٹیکنالوجی اور پزل سے دلچسپی رکھنے والے افراد میں خاصا جوش پیدا کر رہا ہے۔
