لندن: برطانوی اداکارہ اور مقبول مزاحیہ ٹیلی ویژن سیریز بینیدورم کی اسٹار ایلسی کیلی 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے سیکرٹری نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایلسی کیلی 21 اپریل 2026 کو مختصر علالت کے بعد اپنے اہلخانہ کے درمیان پرامن انداز میں دنیا سے رخصت ہوئیں۔
ایلسی کیلی کا فنی سفر کئی دہائیوں پر محیط تھا۔ جس میں انہوں نے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلم کے مختلف منصوبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت مزاحیہ سیریز بینیدورم میں نورین کے کردار سے ملی۔
ان کے سیکرٹری کے مطابق ایلسی کیلی اپنی قدرتی اداکاری، بہترین مزاحیہ انداز اور نرم مزاج شخصیت کے باعث ناظرین میں بے حد مقبول تھیں۔ وہ دیگر معروف برطانوی ٹیلی ویژن پروڈکشنز میں بھی نظر آئیں جن میں کئی مشہور ڈرامے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ دیویانکا سیروہی 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں
بینیدورم کے خالق نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک غیر معمولی مزاحیہ اداکارہ قرار دیا۔ ان کے انتقال کی خبر کے بعد برطانوی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
