مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی بھارتی نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے کے بھائی آکاش اوگلے نے میڈیا کے سامنے اپنے پہلے باقاعدہ بیان میں ان کی موت کا تعلق بالی ووڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جوڑتے ہوئے کئی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آکاش اگلے نے سنچیتا کی موت کے حالات پر شدید شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے انڈسٹری کے اندرونی دباؤ کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کیس کو معمولی خودکشی سمجھ کر فائل بند نہ کر دے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اداکارہ کے بھائی نے انکشاف کیا کہ سنچیتا نے دنیا چھوڑنے سے محض ایک دن پہلے انسٹاگرام پر سشانت سنگھ راجپوت کی برسی کے حوالے سے ایک ریل شیئر کی تھی جس پر لکھا تھا کہ پھر 14 جون آ گئی ہے۔
View this post on Instagram
آکاش کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی 14 جون کو خودکشی کی تھی اور سنچیتا نے بھی ٹھیک 6 سال کے فرق سے 14 جون کو ہی دنیا چھوڑ دی، جو محض کوئی اتفاق نہیں ہو سکتا بلکہ اس پوسٹ اور تاریخ کے پیچھے کوئی گہری کہانی چھپی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سنچیتا نے اپنی آخری سوشل میڈیا پوسٹ میں واضع طور پر لکھا تھا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے راستے پر چل رہی ہیں اور اس گلیمر کی دنیا کا دباؤ اب ان سے مزید برداشت نہیں ہو رہا۔
آکاش نے روتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن اتنی بزدل نہیں تھی کہ اپنی جان خود لے لے، بلکہ اسے ذہنی طور پر اس حد تک مجبور کیا گیا کہ وہ یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوئی، اس لیے حکومت اور اعلیٰ حکام اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کروائیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ سنچیتا کو کس بات کا خوف تھا اور کون لوگ اسے پریشان کر رہے تھے۔
دوسری جانب ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس ہائی پروفائل معاملے کی ہر پہلو سے باریک بینی کے ساتھ جانچ کر رہے ہیں اور جلد ہی تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق سنچیتا ممبئی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھیں اور واقعے کے وقت وہ گھر میں بالکل اکیلی تھیں، جہاں اہل خانہ کے واپس آنے پر انہیں کمرے میں مردہ پایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ تفتیش کا عمل ابھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ سنچیتا اگلے نے زی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ‘کم کم بھاگیہ’ میں دیا ٹنڈن اور ‘واگلے کی دنیا’ میں روچیتا جیٹلی کا کردار ادا کر کے ٹی وی ناظرین میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی تھی جبکہ بعد میں انہوں نے ڈنگل ٹی وی کے شو ‘دل والی دلہن لے جائے گی’ میں مرکزی کردار بھی ادا کیا تھا۔
