کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں گندم خریداری مہم تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ جبکہ چھوٹے کسانوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم خریداری پالیسی سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں صوبے بھر میں گندم خریداری مہم کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چھوٹے کسانوں پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سبسڈی حاصل کرنے والے کاشتکاروں سے ہی گندم کی خریداری کی جائے۔
انہوں نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر تمام اضلاع میں خریداری مراکز فعال بنانے اور ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ جبکہ کاشتکاروں کو بروقت ادائیگی کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں وزیر خوراک مخدوم محبوب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گندم خریداری کا مجموعی ہدف 9 لاکھ 73 ہزار 900 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ اور اس کے حصول کے لیے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ خریداری میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اور تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنا نظام فعال بنا کر مقررہ ہدف بروقت حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: لوکل کونسلز کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری
مراد علی شاہ نے اپنے باردانہ استعمال کرنے والے کسانوں کو منظور شدہ نرخ کے مطابق معاوضہ دینے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے رابطہ بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
