اسلام آباد: پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور ممتاز مذہبی رہنما حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ کچھ عناصر کو صرف اس بات پر تکلیف ہے کہ وسیم اکرم، مصباح الحق اور فخر عالم حج پر کیوں گئے۔ عبادات کے معاملات میں کسی کی نیت پر شک کرنا یا ان کا مذاق اڑانا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی وسیم اکرم کی حج پر بنائی گئی ویڈیو کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں پر میدان میں آ گئے۔
طاہر اشرفی نے وسیم اکرم پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کرکٹر پر ہونے والی تنقید کو یکسر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کو صرف اس بات پر تکلیف ہے کہ وسیم اکرم، مصباح الحق اور فخر عالم حج پر کیوں گئے۔
انہوں نے ایسی منفی سوچ اور تنقید کی سخت مذمت کرتے ہوئے عوام اور سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی بے جا تنقید اور غیر اہم باتوں پر کان دھرنے کے بجائے انہیں نظرانداز کر دیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ عبادات کے معاملات میں کسی کی نیت پر شک کرنا یا ان کا مذاق اڑانا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں وسیم اکرم کے فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران جمرات پر شیطان کو کنکریاں مارنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر بعض صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید کی جا رہی ہے۔
