لاہور: پاکستان سپر لیگ 2026 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو 69 رنز سے شکست دے دی۔
قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو 200 رنز کا ہدف دیا۔
قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 39 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ محمد نعیم نے 30 رنز بنائے جبکہ حسیب اللہ خان 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سکندر رضا نے تیز رفتار 24 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنایا، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے صرف 2 گیندوں پر 12 رنز بنا کر اننگز کا اختتام شاندار انداز میں کیا۔
پی ایس ایل 11 کے پہلے میچ کے لیے لاہور کی کونسی سڑکیں بند ہونگی؟
200 رنز کے تعاقب میں کنگز مین کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مارنس لبوشین 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، عبید شاہ اور سکندر رضا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قلندرز کی یہ فتح نہ صرف ٹیم کے لیے اعتماد میں اضافہ کا باعث بنی بلکہ ٹورنامنٹ کے آغاز کو بھی شاندار بنا دیا۔
