آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ باولر میگن شٹ کو ضوابط کی خلاف ورزی پر 2 میچوں کے لیے معطل کر دیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ میگن شٹ نے تجویز کردہ ادویات سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کی، انہوں نے اسپورٹس سائنس اور اسپورٹس میڈیسن گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی۔
میگن شٹ آسٹریلیا کی تجربہ کار دائیں ہاتھ کی فاسٹ باولر ہیں، جنہوں نے 2012 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔ وہ 2013 کے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی باولر تھیں، 2020 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی خاتون باولر ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ ہے جو کرکٹ مقابلوں سے باہر پیش آیا، میگن شٹ نے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے دوا استعمال نہیں کی۔
🚨Australian pacer Megan Schutt has been suspended for two matches.
The breach was a failure to adhere to requirements under the Sports Science and Sports Medicine guidelines with regard to prescription medication. https://t.co/3CazlBtwPX
— Cricbuzz (@cricbuzz) October 22, 2026
میگن شٹ نے سزا قبول کرتے ہوئے مقررہ ضوابط پر عمل نہ کرنے پر معذرت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داری تسلیم کرتی ہیں اور اس معاملے میں مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے پر افسوس ہے۔
معطلی کے باعث میگن شٹ آج جمعرات کو سڈنی کے نارتھ سڈنی اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔ وہ 31 اکتوبر کو ویمنز بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی جانب سے میلبورن اسٹارز کے خلاف سیزن کے افتتاحی میچ سے بھی باہر رہیں گی۔
واضح رہے کہ کھیلوں میں ادویات کے استعمال سے متعلق ضوابط کا مقصد کھلاڑیوں کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ادویات کے استعمال میں شفافیت اور مقررہ قواعد کی پابندی یقینی بنانا ہے۔ طبی ضرورت کے تحت استعمال ہونے والی بعض ادویات کی لیے بھی کھلاڑیوں کو متعلقہ کھیلوں کے ادارے کو مطلع کرنا یا پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان ضوابط کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے، چاہے دوا کا استعمال کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نہ کیا گیا ہو۔



