نیپال کے دارالحکومت کی طرف جا رہی ایک بس پیر کی صبح ہمالیہ کے راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں19 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک برطانوی شہری بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ بس پوکھرا کے تفریحی شہر سے کٹھمنڈو(Kathmandu) کی طرف جا رہی تھی جب آدھی رات کے بعد پرِتھوی ہائی وے سے پھسل گئی۔ بس پہاڑی ڈھلوان سے نیچے گرتے ہوئے ٹرِشولی ندی(Trishuli river) کے کنارے بنیگھٹ (Benighat)کے مقام پر جا لگی، جو دارالحکومت سے تقریباً 80 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
اسٹار اسکائی کے طیارے کو حادثہ، پائلٹ کی مہارت سے تمام 55 مسافر محفوظ رہے
دھادنگ ضلع پولیس کے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 24 سالہ برطانوی شہری بھی شامل ہے۔ اب تک صرف 9 لاشوں کی شناخت ہو پائی ہے۔
زخمیوں میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے، جس کا علاج کٹھمنڈو کے نیشنل ٹراما سینٹر میں جاری ہے۔ ایک 27 سالہ نیوزی لینڈ کی شہری کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژن ہوا (Xinhua News Agency)نے چین کے سفارتخانے کے حوالے سے اطلاع دی کہ ایک اور چینی شہری لاپتہ ہے۔
حکومتی انتظامی افسر موہن پراساد نیوپانے(Mohan Prasad Neupane) کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو بس کے ملبے سے نکال کر اسپتالوں میں پہنچایا گیا۔
لاہور میں پارلیمانی سیکرٹری سلطان طارق کی گاڑی کو حادثہ، زخمی
پولیس اور ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثے کے مقام کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ نہ آئے۔
واضح رہے نیپال میں پہاڑی علاقوں میں بس حادثات معمول ہیں، خاص طور پر آدھی رات کے بعد جب راستے خطرناک اور تنگ ہو جاتے ہیں۔ حکام نے بس سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کریں اور بسوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں۔
