ملک میں سوشل میڈیا اور بالخصوص واٹس ایپ گروپس پر گردش کرنے والے ایک پیغام میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے رہائشی بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ دیے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں، تاہم یہ دعویٰ مکمل طور پر جعلی اور فراڈ ثابت ہوا ہے۔
وائرل پیغام میں ایک ویب سائٹ ’’dastakpunjab.online‘‘ کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے بارے میں کہا گیا کہ شہری اپنی ذاتی معلومات فراہم کرکے اور فیس ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ادا کرکے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔

پیغام میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ یہ سہولت ’’ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم‘‘ کے تحت فراہم کی جا رہی ہے اور اسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن سے جوڑا گیا ہے۔
تاہم پنجاب ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام نے ان تمام دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ’’dastakpunjab.online‘‘ کا حکومت پنجاب یا ٹریفک پولیس سے کوئی تعلق نہیں۔ حکام کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق تمام سرکاری آن لائن سہولیات صرف ’’dastak.punjab.govt.pk‘‘ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، جو حکومت پنجاب کا باقاعدہ ڈومین ہے۔
پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری
پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان محمد عثمان قریشی نے بتایا کہ مذکورہ ویب سائٹ کو پہلے ہی فراڈ قرار دے کر رپورٹ کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو لازمی طور پر ٹریفک پولیس مراکز میں ذاتی طور پر پیش ہونا ہوتا ہے، جہاں بائیومیٹرک تصدیق، تصویر، ویڈیو ریکارڈنگ اور عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ یہ تمام مراحل آن لائن مکمل کرنا ممکن نہیں۔
ڈیجیٹل سیکیورٹی ماہرین نے بھی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی جعلی ویب سائٹس عموماً شناختی دستاویزات، موبائل نمبرز اور مالی معلومات حاصل کرکے آن لائن فراڈ اور شناختی چوری کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کو بڑا ریلیف دیدیا گیا
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری سہولت کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹس استعمال کریں اور مشکوک لنکس، پیغامات یا ادائیگی کی درخواستوں سے مکمل اجتناب کریں۔
